فراڈکے تین ملزمان کی ضمانت تیسری بار مسترد
سیاسی وابستگی کا دعویٰ فوجداری کارروائی سے استثنیٰ نہیں دیتا،ریمارکس ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ ٹرائل میں لیا جائے گا، جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی گلزیر میمن کی عدالت نے غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکی شہریوں سے میڈیکل انشورنس فراڈ کے مقدمے میں ملزمان حیدر عمرانی، ایان نجیب اور عمیر مجید کی درخواست ضمانت تیسری بار بھی مسترد کردی۔ درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ دوران ٹرائل گواہوں کے بیانات میں قانونی خامی سامنے آئی ہے ، سرچ وارنٹ، چین آف کسٹڈی اور تکنیکی رپورٹ سے متعلق اعتراضات بھی موجود ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ وکیل صفائی کے اعتراضات پہلے ہی ریکارڈ کا حصہ ہیں، محض دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے سے ضمانت کے لیے کوئی نئی بنیاد پیدا نہیں ہوتی۔
جبکہ شریک ملزم کی ضمانت کا اصول دیگر ملزمان پر لاگو نہیں ہوتا۔ این سی سی آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ ریکارڈ میں ملزمان کے خلاف بادی النظر میں مواد موجود ہے ، مقدمے کے حقائق، ڈیجیٹل شواہد اور تفتیشی کارروائی کا جائزہ ضمانت کے مرحلے پر تفصیلی طور پر نہیں لیا جاسکتا۔ عدالت نے ملزم حیدر عمرانی کے وکیل کی جانب سے سیاسی پس منظر کی بنیاد پر بدنیتی کے الزام کو بھی مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سیاسی وابستگی یا انتخابات میں حصہ لینے کا دعویٰ بذاتِ خود کسی شخص کو فوجداری کارروائی سے استثنیٰ نہیں دیتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments