لیسکوکی کھلی کچہریاں پریس ریلیز تک ،دفاترمیں وجود نہیں
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) لیسکوکی کھلی کچہریاں پریس ریلیز تک محدود، دفاتر میں عملی طور پر کھلی کچہریوں کا وجود ہی نہیں۔۔۔
وزارت پاور ڈویژن اور لیسکو انتظامیہ کے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد صرف زبانی جمع خرچ، زیادہ تر ڈویژنوں اور سب ڈویژنز سے افسران غائب رہنے لگے ،روزانہ کی بنیاد پر ایکسینز، ایس ایز اور ہیڈ کوارٹر زکی میٹنگز کے باعث ایس ڈی اوز شٹل کاک بن گئے ، ذرائع کے مطابق وزارت پاور ڈویژن کی ہدایت پر لیسکو انتظامیہ نے ڈویژن اور سب ڈویژنز کی سطح پر روزانہ کھلی کچہری لگانے کی ہدایت کی تھی،چند روز تک فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے بعد افسران نے کھلی کچہری لگانا ہی چھوڑ دی،ایس ایز اور ایکسینز روزانہ کئی کئی گھنٹے سٹاف سے میٹنگ میں گزار دیتے ہیں،صبح 11 سے 1 بجے تک اکثر ایس ڈی اوز اورایکسینز دفاتر میں موجود ہی نہیں ہوتے ،صارفین دفاتر کے چکر لگا لگا کر خوار ہو جاتے ہیں،فیلڈ افسران کی جانب سے لیسکو ہیڈ کوارٹر زکو سب اچھا کی رپورٹ دے دی جاتی ہے ۔