پائیدار ترقی کے لئے امریکی غلامی کا طوق اتار پھینکنا ہوگا:جماعت اسلامی
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ملک و قوم پر مسلط حکمران امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے ملک و قوم کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔
امریکہ سمیت دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات کو برابری کی سطح پر استوار کرنے کے لئے کشکول لے کر دنیا میں گھومنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان ایک آزاد،خود مختار ریاست ہے جس کا اپنا آئین اور قانون ہے، موجودہ حکمرانوں کی غلامانہ اور مفلوج سوچ نے ا س کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا ہے۔ ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں محب وطن اور عوام کی ترجمان ہو، نہ کہ ایسی قیادت جس کا قبلہ ہی واشنگٹن ہو۔