نکاسی آب : شہر میں مزید 20 ڈسپوزل سٹیشن بنانے کا منصوبہ
لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور کا سیوریج سسٹم اپ گریڈ کرنے کیلئے مزید 20 ڈسپوزل سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ڈسپوزل سٹیشنز کی تعداد ڈیڑھ سو تک پہنچ جائے گی۔
لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت واسا جون 2026 سے قبل ڈسپوزل سٹیشنز تعمیر کرے گا۔ تفصیل کے مطابق شہر لاہور میں نکاسی آب کیلئے استعمال ہونے والی مشینری ناکارہ ہوگئی۔شہر سے سیوریج اور برساتی پانی کا نکاس ڈسپوزل سٹیشنز کے ذریعے کیا جاتا ہے ،128 مقامات پر تعمیر شدہ ڈسپوزل اور لفٹ سٹیشن پمپنگ کے ذریعے گندا پانی دریا میں پھینکتے ہیں ،26 ڈسپوزل سٹیشن کی استعداد کار کم ہوچکی ہے ،اس لئے شہر سے گندے پانی کے نکاس کے لئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ گلی محلوں سے سیوریج اوور فلو ہونے سے روکنے کے لئے ڈسپوزل سٹیشنز تعمیرکئے جائیں گے ۔واسا کی جانب سے یوسی 50 گلشن ریاض کالونی ،شفیق آباد اور امین پارک ، یوسی 71 ،یوسی 93 یوسف نگر میں بھی ڈسپوزل سٹیشنز بنائے جائینگے جبکہ اعظم چوک ڈسپوزل سٹیشن کے پمپس کی تعداد بڑھائی جائے گی۔لاہور کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے مزید ٹیوب ویلز بھی لگانے کا پلان کر لیا گیا۔ شفیق آباد میں تین جبکہ یوسی 71 میں مزید دو نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب کی جائے گی۔ واسا کی جانب سے جون 2026 سے قبل ڈسپوزل سٹیشنز اور ٹیوب ویلز کی تنصیب مکمل کی جائے گی۔