این اے 130 کیلئے 10 کروڑ کا ترقیاتی پیکیج تیار
لاہور (شیخ زین العابدین) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے انتخابی حلقہ این اے 130 میں تقریباً 10 کروڑ کا ترقیاتی پیکیج تیار کر لیا گیا۔ دو مختلف ترقیاتی پیکیج کے تحت کام کئے جائیں گے۔
ایل ڈی اے نے مشرقی زون کے نام پر این اے 130 میں ترقیاتی کاموں کا پیکیج بنا لیا۔دستاویزات کے مطابق ایل ڈی اے نے نواز شریف کے انتخابی حلقے کو لش پش کرنے کیلئے خزانے کے منہ کھول دئیے ،پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے کے خزانے سے گلیاں ایک بار پھر پکی ہونگی اور ٹف ٹائلز لگیں گی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین حلقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں گے ، صوبائی وزیر کے انتخابی حلقے پر بھی کثیر رقم خرچ کی جائے گی۔سال 2025 میں ایل ڈی اے نے گلی محلے کے ترقیاتی کاموں کے لئے پہلا پلان بنا یا ہے ۔ این اے 130 میں مکہ روڈ، شیش محل روڈ، شاہجہان روڈ کی مرمت اور بحالی کا کام کیا جائے گا۔ ریٹی گن روڈ، موہنی روڈ، بابا فرید روڈ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام بھی کیا جائے گا۔ کچا راوی روڈ، کریم پارک اور ملحقہ آبادیوں کے لئے بھی ترقیاتی پلان تیار کیاگیا ہے ۔ مذکورہ سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لئے 6 کروڑ 82 لاکھ 67 ہزار 955 روپے کا تخمینہ لگایا،مذکورہ سڑکوں کی مرمت وبحالی کا کام تین ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایل ڈی اے نے مشرقی زون کے نام پر این اے 130 میں ترقیاتی کاموں کا پیکیج بنا لیا ہے ، مشرقی زون پیکیج کے تحت مرکزی اور سیکنڈری سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام ہوگا۔ مشرقی زون پیکیج کے لئے 2کروڑ 99 لاکھ 99 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا، یہ کام چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔