فیصل ٹاؤن :سیوریج لائن ٹوٹنے سے شگاف ،گندا پانی جمع
لاہور (شیخ زین العابدین) فیصل ٹاؤن میں واسا کی مبینہ ناقص حکمت عملی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نئی سیوریج لائن ڈالنے کے باوجود پرانی لائن کو بند نہ کیا گیا۔۔۔
جس کی وجہ سے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پرانی سیوریج لائن ٹوٹ گئی، فٹ پاتھ پر شگاف اور گندا پانی جمع ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق واسا نشتر ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے فیصل ٹاؤن میں نیا سیوریج سسٹم بچھایا جا رہا تھا، لیکن پرانی سیوریج لائن کو بند کرنے کے بجائے کھلا چھوڑ دیا گیا۔ نتیجتاً پرانی اور بوسیدہ لائن دباؤ برداشت نہ کر سکی اور ٹوٹ گئی۔ گندا پانی باہر آ کر شگاف میں جمع ہوگیا ، جس سے شہریوں کیلئے پریشانی بڑھ گئی۔ ماضی میں بھی کئی بار سیوریج لائن ٹوٹنے کے واقعات رونما ہو چکے ، جس سے نظام زندگی متاثر ہوا ۔ ذرائع کے مطابق فیصل ٹاؤن میں واسا نے پرانی سیوریج لائن کو عارضی طور پر بند کر دیا ۔ ترجمان واسا کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نیا سیوریج ڈال دیا گیا فیصل ٹاؤن کے علاقہ میں سیوریج کے مسائل نہیں ہیں۔