ہسپتالوں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کرنیکاعمل شروع
عملہ ، شہریوں کے تحفظ کیلئے 35ہسپتالوں کو سیف سٹی کیمروں سے جوڑ دیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں کو سیف سٹی سرویلنس سسٹم سے منسلک کرنے کا عمل شروع کر دیا ۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے 10سمیت پنجاب بھر کے 35 سے زائد ہسپتالوں کو سیف سٹی کیمروں کے نیٹ ورک سے جوڑ دیا گیا ۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق لاہور کے بڑے ہسپتالوں سروسز، گنگا رام، لیڈی ایچیسن، جنرل ہسپتال، میاں منشی اور نواز شریف ہسپتال کے کیمرے سیف سٹی سرویلنس میں شامل کر دیئے گئے ہیں۔ فیصل آباد، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ ،سرگودھا و دیگر شہروں کے اہم ہسپتالوں کو بھی اس جدید نظام سے منسلک کرکے ایمرجنسی وارڈز، ان ڈور اور آؤٹ ڈور شعبہ جات سمیت داخلی و خارجی راستوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی اور پولیس رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ جدید سرویلنس سسٹم سے مریضوں، لواحقین اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔ آئندہ مرحلوں میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو سمارٹ سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائیگا تاکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔