شہریوں کے فون کال ریکارڈ کاممکنہ غلط استعمال ،تحقیقات کیلئے آڈٹ شروع
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس نے شہریوں کے فون کال ریکارڈ (سی ڈی آرز) کے ممکنہ غلط استعمال کی تحقیقات کیلئے صوبہ بھر میں آڈٹ شروع کر دیا ۔
گزشتہ سال لاہور میں اڑھائی لاکھ سے زائد جبکہ پورے پنجاب میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 40 ہزار سی ڈی آرز حاصل کی گئیں جن کا ریکارڈ اب جانچا جا رہا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی کی سربراہی میں پانچ رکنی آڈٹ ٹیم تمام ریجنز، سی سی ڈی اور سپیشل برانچ کا ریکارڈ چیک کر رہی ہے ۔ ٹیم اس بات کا جائزہ لے گی کہ حاصل کی گئی سی ڈی آرز زیرِ تفتیش کیسز کے ملزموں سے متعلق تھیں یا نہیں اور ملزموں کے علاوہ دیگر افراد کی سی ڈی آرز حاصل کرنے کی وجوہات بھی پرکھی جائینگی کہ شہریوں کو بلاوجہ تنگ تو نہیں کیا گیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام ریجنز اور یونٹس کا آڈٹ 20 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔