تھانوں میں کیمروں کی تنصیب ،ڈیلنگ ریکار ڈ کاعمل شروع
شہرکے تمام تھانوں کو اہلکاروں کیلئے فی کس20باڈی کیمز کی فراہمی کابھی آغاز
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے تھانوں میں کیمروں کی تنصیب اور عوامی ڈیلنگ کو ریکارڈ پر لانے کا عمل شروع کر دیا ۔ اس اقدام کو پولیس اصلاحات پراجیکٹ کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے جسکا مقصد شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا ہے ۔لاہور کے 84 تھانوں میں نصب کیمروں کی تعداد 3 سے بڑھا کر 6 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مزید 3 کیمرے برآمدے ، انویسٹی گیشن روم اور داخلی دروازے پر لگائے جائینگے ۔ایس ایچ او روم، فرنٹ ڈیسک اور حوالات میں خراب کیمروں کو بھی فوری آپریشنل کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق لاہور کے تمام تھانوں میں باڈی کیمز کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ، ہر تھانے کو اہلکاروں کیلئے 20باڈی کیم دیئے جائینگے ۔ ان کیمروں کے ذریعے پولیس اور عوام میں ہونیوالے رابطے اور معاملات مکمل ریکارڈ کیے جائینگے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ عوام سے کسی قسم کی ڈیلنگ کیمروں سے ہٹ کر نہ کی جائے ۔