پیٹرول قیمتوں میں اضافہ قوم پر سراسر ظلم :ابوالخیرزبیر
توانائی بحران کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے متبادل اقدامات کیے جائیں
قصور(نمائندہ دنیا)، جمعیت علماء پاکستان کے رہنماڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ کو جواز بنا کر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا قوم پر سراسر ظلم ہے ۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالنا کسی طور مناسب نہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکمران خود اعلان کر چکے ہیں کہ ملک میں 30 دنوں تک کے لیے تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں، اس کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ اگر توانائی بحران کا خدشہ ہے تو اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے دیگر متبادل اقدامات کیے جائیں۔ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ ملک میں اشرافیہ کو ہزاروں لیٹر مفت پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے ، اگر اس سہولت پر پابندی عائد کر دی جائے تو توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت معیشت کے ماہرین سے مشاورت کر کے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبہ بندی کرے ۔