یوای ٹی کالا شاہ کاکو کیمپس میں طالبعلم کی ہلاکت پر احتجاج

یوای ٹی کالا شاہ کاکو کیمپس میں طالبعلم کی ہلاکت پر احتجاج

تحقیقاتی کمیٹی قائم ، مسائل حل کیلئے طلبہ یونینز کو بحال کیاجائے :وسیم حیدر

لاہور(خبر نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے)یوای ٹی کالا شاہ کاکو کیمپس میں میں رہائش پذیر طالبعلم فہد کی ہلاکت پر یونیورسٹی انتظامیہ نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی جبکہ واقعے کیخلاف طلبہ سراپا احتجاج بن گئے۔ کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کے سیشن 2025 کا طالبعلم فہد دو دن سے بخار میں مبتلا تھا۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر اسے فوری یونیورسٹی کے ہیلتھ کلینک پہنچایا، فہد کا بلڈ پریشر کافی کم ہو چکا تھا، جس پر اسے آکسیجن اور ڈرپ لگائی گئی تاہم طبیعت بہتر نہ ہونے پر اسے شاہدرہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے گنگا رام ہسپتال ریفر کر دیاگیا۔فہد 8 مارچ کو نمازِ مغرب کے وقت گنگا رام ہسپتال پہنچا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے فہد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ واقعہ کے حقائق جاننے کیلئے وائس چانسلر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 48 گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ دوسری جانب احتجاجی طلبہ نے الزام عائد کیاہے کہ ہاسٹل میس میں ناقص کھانا فراہم کیا جا رہا تھا جسکے باعث فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ طالبعلم کو بروقت طبی امداد فراہم نہ کی جا سکی ۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ صوابی اوریوای ٹی کیمپس کالا شاہ کاکو میں جامعات کی مبینہ غفلت سے دو طلبہ کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ ناظم اعلیٰ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلبہ یونینز کو فوری بحال کیا جائے تاکہ طلبہ کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں