آڈٹ پیراز کی وصولی ترجیحاً یقینی بنائی جائے :پی اے سی
ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ سمیت خود مختار اداروں بارے آڈٹ پیراز پرغور
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی-I کی میٹنگ چیئرپرسن افتخار حسین چھچھر ایم پی اے کی زیرِ صدارت ہوئی۔ پنجاب اسمبلی اور دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، اسکے ذیلی محکموں اور خود مختار اداروں سے متعلق آڈٹ پیراز زیرِ بحث آئے جو کوٹیشن میں دی گئی شرح برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے زائد ادائیگی، ناقابلِ قبول آئٹمز کے اطلاق کی وجہ سے زائد ادائیگی، ٹھیکیدار کے ناقابلِ قبول منافع کی ادائیگی، غلط نرخوں کے اطلاق کی وجہ سے زائد ادائیگی، شرنکیج کی کٹوتی نہ کرنے اور ناقابلِ قبول کمپیکشن کی ادائیگی، اور کمرشلائزیشن فیس کی عدم ادائیگی سے متعلق تھے ۔کمیٹی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ تمام آڈٹ پیراز کی وصولی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے اور بقایا اعتراضات کو جلد از جلد نمٹایا جائے ۔