پٹرولیم قیمتیں بڑھنے پر دالوں ،بیسن، گھی کے دام بھی بڑھ گئے
دال ماش ومونگ 480 ، 600 روپے کلو،سبزیاں، پھل بھی مہنگے ،شہری پریشان
لاہور(کامرس رپورٹر)پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر اشیا کے نقل حمل کااضافی بوجھ بھی صارفین پر منتقل کردیا گیا۔ دالوں ، بیسن ،گھی کے دام بھی بڑھ گئے ۔دال ماش 500 سے 550 روپے کلو سے بڑھ کر 600 روپے کلو تک ہوگئی جبکہ سرکاری ریٹ410 روپے کلو ہے ۔دال مونگ 400 سے 450 روپے کلو میں دستیاب تھی جو اب 480 روپے کلو تک پہنچ گئی،سرکاری قیمت 345 روپے ہے ۔ سفید چنے 280 سے 300 روپے کلو تھے جو مہنگے ہوکر 320 روپے کلس تک فروخت ہو رہے ہیں ۔ سرکاری نرخ 270 روپے ہے ۔ دال چنا کا سرکاری ریٹ 230 ہے لیکن مارکیٹ میں 260 روپے کلو تھی جو 270 روپے کلو،بیسن کا سرکاری ریٹ 250 ہے مگر مارکیٹ میں 350 سے مہنگاکر 370 روپے کلو ہوگیا۔کالے چنوں کی 240 روپے قیمت مقرر 280 روپے سے مہنگے ہو کر 290 سے 300 روپے کلو تک پہنچ گئے ۔درجہ دوم گھی 15 روپے بڑھا کر 470 روپے کلو ہوگیا ۔سبزیوں اور پھلوں کے دام بھی تیز ،ٹماٹر، پیاز، ادرک و لہسن سمیت سیب کیلا انار انگور مہنگے ہوگئے ۔پریشان حال شہریوں کاکہناہے کہ پٹرول یا ٖڈیز ل جب بھی مہنگاہوتاہے مہنگائی کا نیا طوفان آتاہے ہر شے مہنگی ہوگئی حکومت ریلیف نہیں دے رہی ۔