قیمتی عمارت کا ادائیگی معاملہ،2ادارے آمنے سامنے:الاٹمنٹ منسوخی کی وارننگ
ایل ڈی اے نے ایل ڈبلیو ایم سی کیلئے عمارت کی بقایا رقم ادائیگی کا نیا شیڈول جاری کردیا، آخری ڈیڈ لائن بھی مقرر
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں قیمتی سرکاری عمارت کی ادائیگی معاملے پر دو بڑے ادارے آمنے سامنے آ گئے ۔ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ایل ڈبلیو ایم سی کی ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر پر سخت مؤقف اختیار کر لیا۔40 کروڑ سے زائد مالیت کی عمارت کی اقساط بروقت ادا نہ ہونے پر الاٹمنٹ منسوخی کی وارننگ دیدی گئی ۔اتھارٹی نے بقایا رقم ادائیگی کیلئے نیا شیڈول جاری کرکے آخری ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی ۔ سرکاری املاک سے متعلق اہم معاملے میں ایل ڈی اے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کامالی تنازعہ سامنے آ گیا۔دستاویزات کے مطابق بلاک اے نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں واقع 239اے نمبر کی سرکاری عمارت جسکا رقبہ 67 اعشاریہ 22 مرلہ ہے ، ایل ڈی اے نے ایل ڈبلیو ایم سی کو الاٹ کی تھی جسکی زمین و سٹرکچر سمیت قیمت 40 کروڑ 35 لاکھ 60 ہزار مقرر کی گئی ۔الاٹمنٹ شرائط کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی نے مجموعی رقم کا 30 فیصد یعنی 12 کروڑ 10 لاکھ 68 ہزار بطور ڈاؤن پیمنٹ ادا کیے تھے
جسکے بعد عمارت کا قبضہ کمپنی کے حوالے کر دیا گیا جبکہ باقی رقم 3 سالہ اقساط میں ادا ہونا تھی تاہم ادائیگیوں کا شیڈول برقرار نہ رہ سکا۔ پہلی قسط 9 کروڑ 41 لاکھ 64 ہزار مقرر تھی مگرکمپنی مکمل ادائیگی نہ کر سکی اور صرف 4 کروڑ جمع کرائے ۔تاخیر کا معاملہ 24 جنوری 2025 کو ایل ڈی اے گورننگ باڈی اجلاس میں پیش کیا گیا، جہاں اتھارٹی نے بقایا رقم ادائیگی کیلئے 3 ماہ کی اضافی مہلت دی تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود بقایا رقم جمع نہ کرائی جا سکی۔بعد ازاں یہ معاملہ دوبارہ 20 اگست 2025 کے اجلاس میں زیر غور آیاجہاں اتھارٹی نے مزید نرمی کرکے پہلی قسط کی بقایا رقم دوسری قسط کی آخری تاریخ یعنی 21 نومبر 2025 تک ادا کرنے کی اجازت دیدی۔ اسکے باوجود نہ پہلی قسط کی باقی رقم اور نہ ہی دوسری کی 9 کروڑ 41 لاکھ 64 ہزار کی ادائیگی ہوئی۔اس دوران ایل ڈبلیو ایم سی نے بقایا رقم ادائیگی کیلئے نیا منصوبہ پیش کرکے درخواست کی کہ باقی رقم کو 2030 تک20سہ ماہی اقساط میں ادا کرنے کی اجازت دی جائے ۔ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ بقایا رقم 7 مساوی سہ ماہی اقساط میں ادا کی جائے ۔