کرایہ نامے آویزاں نہ کرنے پر 18گاڑیاں بند

کرایہ نامے آویزاں نہ کرنے پر 18گاڑیاں بند

ڈیزل سستا ہونے کے بعد 5 فیصد کمی نہ کرنے پر کارروائی کی گئی، حکام

لاہور (آن لائن) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی رانا محسن کی ہدایت پر کرایہ نامے آویزاں نہ کرنے اور زائد کرایہ وصول کرنے کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے ، جس کے دوران متعدد ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران 18 گاڑیاں بند کر دی گئیں جبکہ کئی گاڑیوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ حکام نے موقع پر مسافروں سے وصول کیا گیا اضافی کرایہ واپس بھی کروایا، جس پر مسافروں نے ریلیف محسوس کیا۔ واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت میں حالیہ کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد کمی کی گئی تھی۔

تاہم بعض روٹس پر اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا تھا اور زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ اس سے قبل ٹرانسپورٹ ہاؤس میں حکام اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں باہمی مشاورت کے بعد کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سیکرٹری آر ٹی اے کے مطابق نئی کرایہ لسٹیں مرتب کر کے فوری طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی جبکہ واضح کیا گیا تھا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں