بھینی سروس روڈ پر نکاسیٔ آب کا کام تیز کرنے کی ہدایت
اجلاس کے دوران بابو صابو تا نیازی انٹرچینج کوریڈور کی حوالگی پر غور کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور کوریڈور کی تکمیل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران بابو صابو تا نیازی انٹرچینج کوریڈور کی حوالگی پر غور کیا گیا جبکہ متعلقہ حکام نے باقی ماندہ کام آئندہ 15 دن میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،چیئرپرسن نے بھینی روڈ سروس روڈ پر نکاسیٔ آب کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ترقیاتی سائٹس پر گردوغبار کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں ایل ڈی اے اور پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔چیئرپرسن صفی اللہ گوندل کا کہنا تھا کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے عوام کو جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔