ترقیاتی سکیموں کی لاگت میں 10 سے 15 فیصد تک اضافہ
حکومت کو منصوبوں کو جاری رکھنے کیلئے بجٹ میں مزید فنڈز مختص کرنا پڑ سکتے ہیں،ذرائع
لاہور(این این آئی)ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اب ترقیاتی بجٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کے باعث سرکاری منصوبوں کی لاگت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔سرکاری دستاویزات اور محکمہ خزانہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعمیراتی مٹیریل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جس سے ترقیاتی سکیموں کی مجموعی لاگت میں 10سے 15فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دسمبر 2025 کے مقابلے میں اب تک تعمیراتی مٹیریل کی قیمتوں میں 10سے 18فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث ٹرانسپورٹیشن لاگت بڑھ گئی، جس کا براہ راست اثر مٹیریل کی قیمتوں پر پڑا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق بٹومین اور دیگر فیول بیسڈ آئٹمز کی قیمتوں میں 20فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے جبکہ ریت، بجری اور اینٹوں کی قیمتیں بھی 12سے 18فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔ اسی طرح سیمنٹ اور سریا کی قیمتوں میں 8سے 12فیصد اضافہ سامنے آیا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے منصوبے اس اضافے سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جبکہ جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے اضافی فنڈز درکار ہوں گے ۔