محکمہ سکول ایجوکیشن کا بجٹ 70ارب بڑھانے کی تیاری

 محکمہ سکول ایجوکیشن کا بجٹ 70ارب بڑھانے کی تیاری

طالبات کیلئے مفت یونیفارم ، سائیکل سکیم ، آؤٹ سورس سکولز کیلئے 40ارب تجویز

لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں محکمہ سکول ایجوکیشن کیلئے بڑے مالیاتی پیکیج کی تیاری شروع کردی،بجٹ میں70ارب روپے اضافے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ طالبات کیلئے مفت یونیفارم اور سائیکل سکیم بھی پلان کا حصہ بن گئی۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال میں محکمہ کیلئے 170 ارب کابجٹ تجویز کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال میں محکمہ کا بجٹ 100 ارب ہے ۔بجٹ میں اضافے کا مقصد تعلیمی سہولیات میں بہتری، انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور بچوں خصوصاً بچیوں کی سکولوں تک رسائی بہتر بنانا ہے ۔محکمہ نے طالبات کیلئے مفت یونیفارم فراہمی اور مفت سائیکل سکیم شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے ۔ اقدام سے دیہی اور دور دراز علاقوں میں طالبات کے سکول جانے کی شرح بڑھانے میں مدد ملے گی۔ آؤٹ سورس سکولوں کیلئے 40ارب سے زائدجبکہ پنجاب ایجوکیشن مینجمنٹ اتھارٹی(پیما) کیلئے5ارب فنڈز مختص کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔ تجاویز میں نئے کلاس رومز کی تعمیر، انفراسٹرکچر بہتری اور سکولوں میں بنیادی سہولیات بڑھانے کیلئے اضافی فنڈنگ بھی شامل ہے ۔ دانش اتھارٹی، نصابی کتب اور نواز شریف سکول آف ایمننس کیلئے بھی خصوصی بجٹ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں