لاہور چیمبر اور آئی پی ایف کاروباری اداروں کی رہنمائی کرینگے

لاہور چیمبر اور آئی پی ایف کاروباری اداروں کی رہنمائی کرینگے

مالیاتی، ٹیکس ،اکائونٹنگ امور میں مشکلات کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

لاہور(سٹا ف رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پبلک فنانس اکائونٹنٹس نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مالیاتی، ٹیکس اور اکائونٹنگ امور میں درپیش مشکلات کے حل اور انکی پیشہ ورانہ رہنمائی کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ اس سلسلے میں دونوں ادارے کاروباری برادری کو فنانس بل، ٹیکس قوانین میں ہونے والی ترامیم، نئی قانون سازی، ٹیکس فائلنگ اور اکائونٹس کی تیاری کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے مشترکہ سیمینارز اور تربیتی سیشنز کا انعقاد کرینگے۔

انسٹیٹیوٹ آف پبلک فنانس اکائونٹنٹس کے وفد نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عثمان غنی سے ملاقات کی۔ وفد میں صدر پی آئی پی ایف اے عثمان احسان، کنوینئرفرحان دلاور شیخ، ڈائریکٹر نعیم اختررندھاوا، لاہور بورڈ کے ممبرا ن ابن عباس اشرف اور شوکت چودھری شامل تھے ۔ ملاقات میں کاروباری برادری کو درپیش مالیاتی و ٹیکس مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔عثمان غنی نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ملکی معیشت، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم انہیں ٹیکس قوانین، اکائونٹنگ اور مالیاتی معاملات میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔

ایس ایم ایز کو جدید کاروباری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں ٹیکس امور، اکائونٹس مرتب کرنے ، ٹیکس فائلنگ اور نئی قانون سازی بارے مستند اور بروقت رہنمائی فراہم کی جائے ۔ پی آئی پی ایف اے اپنے پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت کے ذریعے ایس ایم ایز کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس سے کاروباری اداروں کو مالیاتی معاملات بہتر انداز میں چلانے اور قانونی تقاضے پورے کرنے میں مدد ملے گی۔ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ادارے مشترکہ آگاہی سیمینارز اور تربیتی پروگرام کرائینگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...