1947سے بندگوردوارہ سکھ برادری کیلئے کھول دیا گیا
وقف املاک بورڈ نے مزنگ میں تاریخی عمارت کی بحالی کا کام مکمل کرلیا 50گردواروں کی بحالی جاری، بھارت کرتارپور راہداری کھولے: رمیش سنگھ
لاہور(ہیلتھ رپورٹر )لاہور کے علاقے مزنگ میں 1947سے بند تاریخی گوردوارہ چھٹی پاتشاہی کو تزئین و آرائش کے بعد سکھ برادری کیلئے کھول دیا گیا۔ وقف املاک بورڈ نے تاریخی عمارت کی بحالی کا کام مکمل کرنے کے بعد اسے عبادات کیلئے فعال کیا ہے ۔ گوردوارہ چھٹی پاتشاہی سری گورو ہرگوبند صاحب سے منسوب ہے ۔سکھ روایات کے مطابق گورو ہرگوبند صاحب نے 1619میں لاہور آمد پر اس مقام کا دورہ کیا تھا۔ یہ گردوارہ وقت گزرنے کے ساتھ خستہ حالی کا شکار ہوگیا تھا۔گوردوارے کی بحالی کے بعد افتتاحی تقریب ہوئی جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اور پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس اور سکھ رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب میں سابق پردھان سردار بشن سنگھ، گیانی بلونت سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کیلئے بھارت سے جتنے بھی سکھ یاتری پاکستان آنا چاہیں، انہیں خوش آمدید کہیں گے ۔ مثبت جواب دینے کے باوجود بھارتی حکومت نے 3ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی۔انہوں نے بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے کہا کہ مذہبی مقامات تک رسائی سکھ برادری کا حق ہے ۔ پنجاب میں50گردواروں کی بحالی اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں گردوارہ کھارا صاحب نوشہرہ ورکاں کا افتتاح بھی رواں ماہ کیا جائیگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments