سیاسی درجہ حرارت کو رابطوں سے کم کیا جائے :سول سوسائٹی
چھوٹے صوبوں کیلئے عجلت کے مظاہرہ کی بجائے آئین کے تحت قومی کمیشن بنایا جائے
لاہور(سٹاف رپورٹر)سول سوسائٹی کا دوسرا اہم اجلاس لاہور میں ہوا۔ سیاسی رہنماؤں، ریٹائرڈ ججز، وکلا، ماہرین تعلیم و معاشیات، ڈاکٹرز، انجینئرز، زرعی ماہرین، ریٹائرڈ سول و فوجی افسروں اور دیگرشخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سینئر وکیل اسلم زار نے کی اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر سعید الٰہی نے انجام دئیے ۔ اجلاس میں خواجہ سعد رفیق، ریاض فتیانہ، محسن لغاری، صمصام بخاری، عابد رضا، جاوید لطیف، پروین آغا، جاوید انور، سینئرصحافی سلمان غنی، افتخار احمد، فرخ سہیل گوئندی، قیوم نظامی، بلال قطب، ڈاکٹر مجیب الرحمن،منیر چشتی،عامر ذوالفقار (سابق آئی جیز)،احمر بلال صوفی، ارم بخاری، کامران مائیکل، شہباز شیخ، ڈاکٹر انجم طاہرہ،ڈاکٹر میمونہ و دیگر نے شرکت کی۔ اتفاق رائے سے قرار دیا گیا کہ سیاسی، انتخابی، معاشی، انتظامی اصلاحات، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو، فوڈ سکیورٹی عدالتی اصلاحات، مقامی حکومتوں کے بااختیار قیام، قومی و آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے وسیع تر مکالمہ کرنا ہو گا۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کیلئے کسی عجلت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے آئین کی روشنی میں نمائندہ قومی کمیشن تشکیل دیا جائے جو سفارشات پارلیمنٹ کوپیش کرے ۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کیلئے مکالمہ اور رابطوں کے سیاسی کلچر کو فروغ دینا ہو گا۔ تجویز کیا گیا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد پر مشتمل سول سوسائٹی کا ایک حلقہ فکر تشکیل دیا جائے جو گڈگورننس کیلئے رہنمائی کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments