پہلی سے پانچویں تک نصاب تبدیل،40فیصد مواد کم
طلبہ پر پڑھائی کا بوجھ کم ، رٹہ سسٹم ختم کرکے کانسپٹ کلیئر کرنے پر توجہ دی جائیگی، آئندہ تعلیمی سال میں چھٹی سے آٹھویں تک نئی کتابیں بھی تیار کی جائینگینہم ، دہم کے طلبہ کے دسمبر، جنوری ، فروری میں مکمل نصاب کیساتھ 3جامع موک امتحانات کا بھی فیصلہ ،تعلیمی بورڈز معیاری ماڈل پیپرز ، مارکنگ سکیمیں دینگے
لاہور(خبر نگار)پنجاب میں پہلی سے پانچویں جماعت کی نئی کتابوں میں 40 فیصد تک مواد کم کر دیا گیا۔ طلبہ پر پڑھائی کا بوجھ کم کرنے اور رٹہ سسٹم ختم کرکے کانسپٹ کلیئر کرنے پر توجہ دی جائے گی۔پہلی سے پانچویں جماعت کے نصاب میں بڑی تبدیلی کردی گئی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق طلبہ پر پڑھائی کا بوجھ کم کرنے اور انہیں بہتر انداز میں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے نئی کتابیں تیار کی جا رہی ہیں۔ غیر ضروری مواد کم کرکے بنیادی تصورات سمجھنے پر توجہ دی گئی ہے ۔ رٹہ سسٹم کی حوصلہ شکنی اور طلبہ کے کانسپٹ کلیئر کرنے کیلئے جدید تدریسی طریقے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔نئی کتابوں میں کیو آر کوڈز کے ذریعے ویڈیوز بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ طلبہ ڈیجیٹل سہولت سے بھی استفادہ کرسکیں۔ پہلی سے پانچویں کی نئی کتابوں کی تیاری آخری مراحل میں ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق آئندہ تعلیمی سال میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کی نئی کتابیں بھی تیار کی جائیں گی۔ نصاب میں تبدیلی کا مقصد بچوں پر تعلیمی بوجھ کم کرکے سمجھنے اور سیکھنے کی صلاحیت بہتر بنانا ہے ۔
دریں اثناپنجاب کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے تین جامع موک امتحانات کرانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا جو دسمبر 2026، جنوری اور فروری 2027میں مکمل نصاب کے مطابق ہونگے ۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن صاحبزادی وسیمہ عمر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں موک امتحانات مکمل نصاب کے مطابق لیے جائیںگے ۔تمام تعلیمی بورڈز اضلاع کو معیاری ماڈل پیپرز اور مارکنگ سکیمیں فراہم کرینگے ۔موک امتحانات کی مارکنگ شفاف انداز میں کرنے اور نتائج کی بنیاد پر طلبہ کی تعلیمی کمزوریوں کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ بورڈ امتحانات میں کم نتائج دینے والے سکولوں پر خصوصی توجہ دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔پیکٹا کی جانب سے بورڈ امتحانات کی تیاری کیلئے طلبہ کو ڈیجیٹل آئٹم بینک فراہم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں سوالیہ پرچوں کی ساخت اور نمبروں کی تقسیم یکساں کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔مجوزہ فریم ورک کے تحت سوالیہ پرچوں میں 50 فیصد آسان، 30فیصد درمیانے اور 20 فیصد مشکل سوالات شامل ہونگے ۔حال ہی میں کی جانے والی امتحانی اصلاحات کا مقصد طلبہ کی تیاری بہتر بنانے سمیت بورڈ امتحانات میںسالانہ نتائج کو بھی بہتر کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments