شدید موسم، میپکو ترسیلی نظام میں فنی خرابی بڑھ گئی

شدید موسم، میپکو ترسیلی نظام میں فنی خرابی بڑھ گئی

ملتان(خصوصی رپورٹر) موسم کی شدت بڑھتے ہی میپکو کے ترسیلی نظام میں فنی خرابی بڑھ گئی ،ٹرانسفارمر جلنے لگے تفصیل کے مطابق ملتان اور گردونواح میں اس وقت شدید گرمی پڑرہی ہے حبس کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہوگیا ۔

ایسے میں میپکو کاترسیلی نظام بھی جواب دے گیا ہے ۔ نیو ملتان،قاسم پور ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث مختلف گرڈ سٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جس سے چوتھائی شہر کی بجلی بند ہوگئی اور میپکوحکام کو قاسم پور، قاسم باغ اور وہاڑی روڈ گرڈ سٹیشنوں سے منسلک فیڈرز سے مختصر دورانیے کے لئے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑی جبکہ بہت سے علاقوں میں ٹرپنگ میں بھی شدت آگئی ہے ۔ مرمت اور فنی خرابی کے نام پر بجلی کی بندش کادورانیہ بڑھتا جارہا ہے جبکہ اب دن کے اوقات کے ساتھ ساتھ رات کو بھی بجلی کا جانا معمول بن گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سارا سال مرمتی کام ہوتا ہے مگر گرمی پڑتے ہی میپکو کا سسٹم بیٹھ جاتا ہے اعلیٰ حکام اس کا نوٹس لیں ، میپکو حکام کاکہنا ہے کہ گرمی بڑھتے ہی میپکو ریجن می لوڈشیڈنگ زیرو کردی گئی ہے ٹرانسفارمر جلنے پر تبدیلی میں دو سے تین گھنٹے لگتے ہیں ، جبکہ لوڈ بڑھنے پر ٹرپنگ ہوجاتی ہے میپکو عملہ رات دن کام کررہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں