انسولین کے 29 ہزار انجکشن چوری:محکمہ صحت ملتان کے 2 افسر معطل
ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے دفتر سے انتیس ہزار انجکشن انسولین چوری ہونے کا معاملہ، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے سی ای او ہیلتھ ملتان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ملتان کو پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کرتے ہوئے معطل کر دیا ۔۔۔
دونوں افسران کو فوری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری رپورٹ کرنے کے احکامات تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان گردیزی نے چند روز قبل تھانہ شاہ شمس پولیس کو درخواست دی کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی دفتر میں 29 ہزار انجکشن انسولین جن کی مالیت تقریباََ دو کروڑ روپے بنتی ہے غائب ہیں جبکہ ڈسپنسر محمد یوسف چوکیدار محمد یونس اور سینیٹری ورکر رزاق کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر پولیس نے پانچ ستمبر کو مقدمہ کا اندراج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ادھر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر فیصل رضا قیصرانی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان گردیزی کو پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور دونوں افسروں کو فوری طور پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکینڈری رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر فیصل رضا قیصرانی کے خلاف ہنی ٹریپ اور دیگر بے ضابطگیوں پر بھی مختلف محکمانہ کارروائیاں جاری ہیں۔