بی زیڈ یوپروموشن کیس، رجسٹرار کاغیرقانونی مراسلہ منسوخ
ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ٹائم سکیل پروموشن کیس ، وائس چانسلر نے رجسٹرار کا غیر قانونی مراسلہ منسوخ کردیا ۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی میں غیر قانونی طور پر ٹائم سکیل پرموشن لینے کی کوشش رجسٹرار کو مہنگی پڑ گئی، وائس چانسلر ڈاکٹرزبیر اقبال نے روزنامہ دنیا کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹرعلیم خان کا جاری کردہ مراسلہ منسوخ کردیا ،ایک روز قبل ڈاکٹر علیم خان نے از خود ایک مراسلہ جاری کردیا جس میں 2019میں دیا گیا ٹائم سکیل پرموشن کیس کے افراد کو فوری طورپر ٹائم سکیل دینے کی ہدایت کی گئی جبکہ کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ، ڈاکٹر علیم نے عجلت میں اپنے مراسلے کی قانون کے مطابق وائس چانسلر سے منظوری لینا بھی مناسب نہیں سمجھا۔گزشتہ روز جب وائس چانسلر کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ اس معاملے میں رجسٹرار خود گریڈ 22کاکلیم بھی کرسکیں گے ۔اس لئے یہ مراسلہ مکمل طورپر غیرقانونی ہے جس سے آنے والے وقت میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں جبکہ ڈاکٹرعلیم کی رجسٹرار شپ کی مدت 31دسمبر کو ختم ہورہی ہے جبکہ وہ فروری میں ریٹائر ہوجائیں گے ،وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال نے چھٹی کے باوجود رجسٹرار کو طلب کرکے اس مراسلہ کی وضاحت طلب کی ،مناسب جواب نہ ملنے پر انہوں نے رجسٹرار کی طرف سے جاری ہونے والا مراسلہ منسوخ کردیاجس کے بعد غیرقانونی ٹائم سکیل لینے والوں کی امیدیں پھر دم توڑ گئیں ۔