پراپرٹی ٹیکس کی شرح، گیس قیمتوں پر تشویش،خواجہ عمار یاسر

پراپرٹی ٹیکس کی شرح، گیس قیمتوں پر تشویش،خواجہ عمار یاسر

ملتان (لیڈی رپورٹر)پراپرٹی ٹیکس کی شرح،گیس قیمتوں میں اضافہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز کا اظہار تشویش، شرح سود بھی سنگل ڈیجٹ پر لانے کا مطالبہ کردیا۔

چیمبر آف سمال ٹریڈرز ضلع ملتان کے چیئرمین خواجہ عمار یاسر نے پراپرٹی ٹیکس کی شرح اور گیس قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام اور چھوٹے تاجروں کو ریلیف دے مہنگائی کی چکی میں پستے پستے عوام اور تاجر کنگال ہو چکے ہیں ۔پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں مسلسل اضافہ اور اب 11گنا اضافہ سے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبہ سے جڑے ہزاروں افراد کا معاشی استحصال ہو گا ۔ملکی معاشی صورتحال پہلے ہی غیر مستحکم اور چیلنجز کا شکار ہے ایسے اقدامات سے معاشی استحکام کا سفر بھی متاثر ہو گا انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قیمتیں بھی بڑھانے کا منصوبہ بنائے بیٹھی ہے جو کہ سراسر ناانصافی اور عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے ۔ پہلے بجلی کی قیمتیں مسلسل بڑھائی گئیں اور اب موسمی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ گیس ٹیرف میں بھی اضافہ عوامی مشکلات میں اضافہ ثابت ہو گا دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں سوئی گیس پریشر اور فراہمی بھی تعطل اور لوڈشیڈنگ کا شکار رہتی ہے اور اس کے باوجود قیمتوں میں اضافہ گیس ناپید کرنے کے مترادف ہے خواجہ عمار یاسر نے شرح سود میں حالیہ کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے سنگل ڈیجٹ تک لانے کا مطالبہ کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں