انسدادکرپشن کیلئے سخت فیصلے ناگزیر،ذیشان رفیق،ثاقب خورشید
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو میں کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ہمارے نظام کو شدید متاثر کیا ،اصلاح کے لیے سخت و بڑے فیصلے ناگزیر ہیں۔
چند ماہ میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر متوقع ہیں،لیگی کارکنوں،علاقہ و عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار مثبت سوچ رکھنے والے متحرک نوجوان تیاری شروع کردیں، عوام انتظار کریں وہ جلد حقیقی و پرکشش تبدیلی محسوس کریں گے ۔اس موقع پر میاں آصف خورشید،میاں نیرب خورشید،چودھری صفدر گوجر،حاجی ملک سلیم بھارہ،چودھری عباس مسعود، چودھری محمد آصف،شیخ ظفرشہزاد، چودھری عبدالحفیظ،چودھری سعید اختر سی او ضلع کونسل و بلدیہ سید ناصر نعمان شاہ،علی احمد صابر سمیت دیگر موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ نئے آؤٹ سورس سسٹم سے آئیڈیل بہتری،پٹرول و ڈیزل کی مفت تقسیم ختم ،کرپشن کے کئی راستے بند ہوجائیں گے ،سینٹری و دیگر ملازمین میں احساس ذمہ داری بڑھے گا ،پنجاب میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا کام مختلف کمپنیز کے حوالے کرنے کے مثبت نتائج عوام پر اس وقت واضح ہوں گے جب ضلعی انتظامی افسران و بااثر افراد کے گھروں پر مامور اور کئی گھوسٹ ملازمین اپنی اصل ڈیوٹی دے رہے ہوں گے ۔