اندرون شہر خستہ حال عمارتیں ،سانحے کا خدشہ
ملتان (جام بابر سے ) ملتان کے اندرون شہر میں خستہ حال بوسیدہ عمارتوں کے معاملات میں غفلت برتنے کا رویہ انتہائی افسوسناک اور مستقبل میں کسی بھی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے ۔ لیکن اس کے باوجود بھی ضلع انتظامیہ کے علاوہ شہری بھی اس معاملے میں بے احتیاطی برت رہے ہیں جو کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے ۔
اس سے قبل بھی متعدد بار عمارتیں زمین بوس ہونے کے واقعات رونما ہوئے تا ہم وقتی طور پر کارروائی کرنے کے بعد معاملات ٹھپ ہو گئے تفصیلات کے مطابق ملتان کے اندرون شہر بوہڑ گیٹ ،دلی گیٹ اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں سینکڑوں عمارتیں انتہائی مخدوش اور خستہ حالت میں موجود ہیں اور حکومتی حلقوں کی جانب سے ہونے والے سروے کے مطابق یہاں پر زندگی بسر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں اس کے باوجود بھی انتظامیہ کی جانب سے صرف اور صرف نوٹس دینے کی حد تک کام کیا جارہا،مذکورہ صورتحال کسی بھی وقت بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہے ، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عمارتیں خالی کرانے اور مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے ۔ملتان میں اب تک مخدوش عمارتوں کے زمین بوس ہونے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوا۔ ہیں۔ سو سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد موسمی حالات کا مقابلہ کرتے کرتے ان عمارتوں کی چھتیں، دیواریں اور پلرز کمزور پڑ گئے ہیں۔تاہم آج بھی قدیم رہائشی ان عمارتوں میں موجود ہیں جو اپنی بنیاد کی سنچری مکمل کرچکی ہیں، ان عمارتوں کی خستہ حالی کے باوجود وہاں نہ صرف لوگ رہائش پذیر ہیں بلکہ شہری اور متعلقہ ادارے یکسر چشم پوشی برت رہے ہیں۔ کسی بھی قدرتی آفت کے بعد کیا صورتحال پیش آسکتی ہے اس کا ادراک بھی دل دہلا دینے کے لیے کافی ہے لیکن جنھیں نوٹس لینا چاہیے وہ بے حسی کی چادر تانے سو رہے ہیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خستہ حال عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے اور جلد ہی ان رہائش پذیر افراد کو متبادل جگہ فراہم کر کے خستہ حال عمارتوں کو مسمار کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔