خواتین کی وراثتی درخواستوں کی جلد پراسیسنگ کیلئے نیا نظام متعارف

خواتین کی وراثتی درخواستوں کی جلد پراسیسنگ کیلئے نیا نظام متعارف

ملتان (جان شیر خان) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کی وراثتی درخواستوں کی جلد پراسیسنگ کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے ۔

 نئے نظام کے تحت ریونیو کے تمام دفاتر میں خواتین کی وراثت انتقال کے لئے فاسٹ ٹریک کاؤنٹر قائم کر دیئے گئے ہیں جن پر صرف خواتین کو قانونی طور پر انکے حق وراثت کی جائیداد کے حصول کیلئے آسانی ہو گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خواتین کے جائیداد کے مسائل کے حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ، ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں خواتین کو انکی وراثت کے حصول کیلئے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اکثر خواتین وراثت کے حصول کیلئے سال ہا سال سرکاری دفاتر کے چکر لگاتی ہیں تاہم انکی شنوائی نہیں ہو پاتی ان تمام مسائل کو دیکھتے ہوئے انکے حل کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ریونیو دفاتر میں خواتین کے الگ کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں تاہم ان تمام کاؤنٹرز کو فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز کا درجہ بھی دے دیا گیا ہے ۔فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز پر اپنی وراثتی جائیدادوں کے حصول کیلئے خواتین کی جانب سے جو بھی درخواستیں جمع کرائی جائیں گی ان پر تیزی سے ایکشن ہو گا اور حق دار خواتین کو انکی وراثت اب دنوں میں منتقل کر دی جائے گی ۔خواتین کیلئے بنائے گئے فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز رجسٹری برانچ،لینڈ ریکارڈ سینٹر سمیت مختلف تحصیلوں میں قائم کئے گئے ہیں جہاں پر خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز پر خواتین کی وراثتی جائیداد کیسز کے لیے الگ ڈائری نمبر بھی جاری ہوگا۔ایدیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے خواتین کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید تیز کر دیئے ہیں ، تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح ہے کہ خواتین کے وراثتی حقوق کے مسائل تیز اور موثر میکنزم کے تحت حل ہوں جس پر ضلعی انتظامیہ نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں