وہاڑی اندرون شہر میں گندگی کے ڈھیر،تعفن پھیل گیا
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)کلین اینڈ گرین پاکستان کا ویژن کوڑے کرکٹ کچرے اور گندگی کے ڈھیروں تلے دبا دیا گیا۔
۔اندرون شہر میں پچھلے کئی روز سے لگائے گئے گندگی کے ڈھیر نہ اٹھائے جاسکے اور نہ ہی نکاسی آب کا نظام درست کیا جاسکا ،بدبو تعفن ،زہریلے کیڑوں ،مکھیوں اور مچھروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ،شہر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے فلتھ ڈپو قائم نہ ہونے کی وجہ سے آبادیوں کے اندر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ،کھلے پلاٹوں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ وغیرہ پھینکا جارہا ہے ۔وہاں سے اٹھنے والی بدبو ،تعفن سے پرورش پانے والے زہریلے کیڑوں مکوڑوں ،مکھی مچھروں کی وجہ سے ملحقہ گنجان آباد علاقوں کے رہائشیوں کی زندگیاں عذاب بن چکی ہیں ،بچوں سمیت شہری ہیپاٹائٹس ،ملیریا ،اسہال،دمہ،ٹی بی اور سانس کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔عوامی وسماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔