ویمن یونیورسٹی میں بھارت کیخلاف فتح کاجشن، ریلی نکالی گئی

ملتان(خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر جشن ،ریلی نکالی گئی۔۔
ترجمان کے مطابق بھارت کے خلاف کامیابی پر جیت کا جشن منانے کیلئے اور پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کر تے ہوئے ویمن یونیورسٹی میں بھی یوم تشکر کے حوالے سے جشن کا اہتمام کیا گیا اورریلی نکالی گئی ۔ پرووائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے نے ریلی کی قیادت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں ،بھارت اب پاکستان کے خلاف جارحیت کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا ماضی دیکھا جائے تو اس پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا اس لئے پاکستان کی افواج اور پاکستانی قوم ہر لمحے انہیں منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں ۔ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے اپنے سے تین گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی ہے ،ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ کس طرح ہماری مسلح افواج نے انتہائی مہارت سے دشمن کو چاروں شانے چت کیا ،پاکستان کی بری فوج،پاک فضائیہ،پاک بحریہ نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے ۔اس موقع پر اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔