شہر کو صاف‘ تجاوزات سے پاک رکھنا ترجیح:ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃالعین میمن کی زیر صدارت ضلعی و مرکزی انجمن تاجران کے وفد کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
ڈپٹی کمشنر نے شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے ، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے ، اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک رکھنا ضلعی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکمے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے انجمن تاجران سے اپیل کی کہ وہ بھی ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ضلعی و مرکزی انجمن تاجران کے نمائندوں نے عیدالاضحی کے موقع پر بہترین صفائی انتظامات اور تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی پر ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن کا شکریہ ادا کیا اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔قبل از ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃالعین میمن کی زیر صدارت جوائنٹ اتھارٹی ڈویلپمنٹ سکیموں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع کونسل کی سطح پر جاری اور مجوزہ ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن نے ہدایت کی کہ تمام سکیموں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم‘حفیظ ‘چیف آفیسر ضلع کونسل، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن کی سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے بھی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن یوسف چھینہ نے بریفنگ دی۔