ملتان پر بیماریوں کی یلغار، سینکڑوں متاثر

ملتان پر بیماریوں کی یلغار، سینکڑوں متاثر

ملتان(لیڈی رپورٹر) ملتان شہر پر بیماریوں کی یلغار ، سینکڑوں افراد متاثر، محکمہ صحت کا عملہ زبانی جمع خرچ تک محدود ہوگیا۔۔

تفصیل کے مطابق ملتان میں شدید گرمی کے دوران کھانے پینے میں بے احتیاطی کے باعث گیسٹرو اور پیٹ کے دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اس حوالے سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نشتر ہسپتال ایمرجنسی میں گیسٹرو میں مبتلا 59مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے بیشتر کو ابتدائی طبی امداد دیکر ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ چلڈرن کمپلیکس ڈی ایچ کیو شہباز شریف ہسپتال ، ساؤتھ سٹی ہسپتال سمیت نشتر 2 ہسپتال میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گیسٹرو میں مبتلا 123 مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے بیشتر کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔دوسری جانب ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں خسرہ کے شبہ اور خسرہ میں مبتلا مریضوں کے رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے ، اس حوالے سے ترجمان نشتر ہسپتال کے مطابق نشتر ہسپتال میں خسرہ کے شبہ میں 04مریض زیر علاج ہیں جن کے نمونے لاہور بھجوا دئیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خسرہ کے شبہ میں 01 مریض رپورٹ ہوا۔ اسی طرح ترجمان چلڈرن کمپلیکس کے مطابق چلڈرن کمپلیکس ملتان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خسرہ کے شبہ میں 02 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں خسرہ کے ٹیسٹ کی سہولت موجود نہیں ہے اسلئے خسرہ کے شبہ میں لائے گئے مریضوں کے نمونے لاہور اور اسلام آباد بھجوائے جاتے ہیں جس پر شہریوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں خسرہ کے ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں