وزیراعلیٰ کا مجوزہ دورہ، مظفرگڑھ علی پور روڈ دو رویہ بنانے کا مطالبہ
مریم نواز باضابطہ اعلان، فنڈز کی ہدایت دیں:عہدیدار’’قاتل روڈ ڈبل کرو تحریک‘‘
ماہڑہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مجوزہ دورۂ مظفرگڑھ کے موقع پر اہالیانِ علاقہ اور ’’قاتل روڈ ڈبل کرو تحریک‘‘نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ مظفرگڑھ تا علی پور روڈ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے کا اعلان کریں۔تحریک کے رہنماؤں جام غضنفر مہدی پونٹہ ایڈووکیٹ ،سہیل اختر غوری، رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ، ملک سعید ظفر کھچی، رانا محمد عمر فاروق، سید زبیر بخاری، نواب آصف خان، میاں محمد یاسر ،عبد الرشید گوپانگ، صفدر آتش ایڈووکیٹ، عامر خان بلوچ ،میاں محمد اشرف گازر ،کامران ظفر ، ملک ارشد، مشتاق کھلنگ ایڈووکیٹ ،چوہدری عاطف ایڈووکیٹ، سردار سہیل خان گوپانگ ، اختر شاہین، سید سکندر مہدی ایڈووکیٹ نے اپنے کھلے خط میں وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ نہ صرف مظفرگڑھ، خانگڑھروہیانوالی، شہر سلطان، علی پور، بیڈ پنجند اور ترنڈہ محمد پناہ کو ملاتی ہے بلکہ تاریخی شاہراہِ پاکستان کا اہم حصہ بھی ہے ، افسوس کہ اسے آج تک دو رویہ نہیں کیا گیا۔ روزانہ درجنوں حادثات کے باعث یہ سڑک ’’قاتل روڈ‘‘کے نام سے مشہور ہو چکی ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دورۂ مظفرگڑھ کے دوران اس عوامی منصوبے کا باضابطہ اعلان کریں اور فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت دیں تاکہ اس روڈ پر ہونیوالے حادثات کا سلسلہ بند ہو اور عوام کو محفوظ سفری سہولت میسر آئے ۔