ویمن یونیورسٹی:600طالبات کیلئے نیا ہاسٹل بنانے کا فیصلہ ،پی سی ون تیار
یونیورسٹی میں ریکارڈ داخلوں کے باعث ہاسٹل کی گنجائش ناکافی، نئی عمارت کی تعمیر سینکڑوں طالبات کو سہولت میسر آئے گی
ملتان (شاہد لودھی سے )ویمن یونیورسٹی ملتان میں بڑھتی ہوئی طالبات کی تعداد کے پیش نظر 600طالبات کیلئے نیا ہاسٹل بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کا پی سی ون تیار کرکے پنجاب حکومت کو منظوری کے لئے ارسال کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رواں برس ویمن یونیورسٹی ملتان میں ریکارڈ داخلے ہوئے ہیں، جس کے باعث ہاسٹل کی گنجائش ناکافی ہو گئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق نئی رہائشی عمارت کی تعمیر سے درجنوں طالبات کو رہائش کی سہولت میسر آئے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی متعدد جامعات داخلوں میں کمی اور مالی بحران کا شکار ہیں، مگر ویمن یونیورسٹی ملتان میں داخلوں میں نمایاں اضافہ والدین کے اعتماد اور معیار تعلیم کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹل کی سہولت محدود ہونے کے باعث والدین اپنی بیٹیوں کو پرائیویٹ رہائش پر بھیجنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں، اسی ضرورت کے پیش نظر نیا ہاسٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے مزید کہا کہ ویمن یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی خواتین کی درسگاہ ہے ، اور یہاں طالبات کو محفوظ، معیاری اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خواتین کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، اور ہم نے انہیں یونیورسٹی کے دورے کی دعوت بھی دی ہے تاکہ وہ طالبات سے ملاقات کر سکیں۔