منی گڈز ٹرانسپورٹ یونین کاپہیہ جام ہڑتال کا اعلان
ہڑتال ناجائز چالان، جرمانے اور جھوٹی ایف آئی آرز کے خلاف ہوگی:مہر نصرت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار ) منی گڈز ٹرانسپورٹ یونین نے 8 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ یونین کے صدر مہر نصرت نے کہا کہ ہڑتال ناجائز چالان، بھاری جرمانے اور جھوٹی ایف آئی آرز کے خلاف ہوگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں پر عائد ناجائز جرمانے اور جھوٹی ایف آئی آرز فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ مہر نصرت نے کہا کہ ہمارے تمام گاڑیوں کے کاغذات مکمل ہونے کے باوجود پولیس اور ٹریفک حکام کی جانب سے ہراسانی ہو رہی ہے ، جو واضح ناانصافی ہے ۔ ہڑتال خانیوال سمیت پورے ضلع میں ہوگی اور کاروبار، زراعت اور صنعت متاثر ہو سکتی ہے ۔ یونین نے متعلقہ کاروباری حلقوں سے بھی ہڑتال میں شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال پورے شعبے کی آواز ہے اور حکومت سے توقع ہے کہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ ہڑتال روکی جا سکے ۔