مہنگائی مافیاں کیخلاف کریک ڈاؤن، 26 گرفتار، 1کروڑ جرمانہ
ماہ مقدس میں گرانفروشی میں ملوث افراد کے خلاف 44 مقدمات درج ،انتظامیہ
ملتان ( وقائع نگار خصوصی)ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مہنگائی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ،رمضان المبارک کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد جبکہ گرانفروشی میں ملوث افراد کے خلاف 44 مقدمات درج ،26 سے زائد گرانفروشوں کو گرفتار کرکے حوالات بھی بھجوایا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور دکانوں کی مسلسل چیکنگ کی۔ اس دوران زائد قیمتیں وصول کرنے ، نرخنامے آویزاں نہ کرنے اور گرانفروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ڈپٹی کمشنرکا کہنا تھا کہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔