ایسٹر پر پروقار تقریب، ڈپٹی کمشنر کی شرکت اور مبارکباد
گرجا گھروں میں خصوصی دعائیں، سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
وہاڑی (خبرنگار) اے آر پی گرجا گھر میں ایسٹر کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے پادری سلیمان کیلون اور مسیحی برادری کے ہمراہ ایسٹر کا کیک کاٹا اور مبارکباد دی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسٹر خوشی، محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کیتھولک چرچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر عبادت گاہوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر فادر عامر شہزاد نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔