بھٹو نے قوم کو بحران سے نکال کر نئی سمت دی:افتخار احمد خان
سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد قیدیوں کی رہائی، شملہ معاہدہ قابل ستائش، پی پی رہنما
مونڈکا (نامہ نگار)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ انہوں نے سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد مایوسی کا شکار قوم کو نئی امید دی اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔انہوں نے کہا کہ بھٹو نے 96 ہزار پاکستانی قیدیوں کو بھارت کی قید سے رہائی دلائی اور مغربی پاکستان کے مقبوضہ علاقے واپس حاصل کیے ۔ شملہ معاہدہ کے ذریعے انہوں نے ایسے حالات میں معاہدہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کی حیثیت متاثر نہ ہوئی۔ ان کے بقول بھٹو نے نہ صرف ملک کی تعمیر نو کی بلکہ عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کی اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھی۔نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا کہ شہید بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی سیاسی بصیرت کو آج بھی سراہا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھٹو مزید عرصہ حیات رہتے تو پاکستان ترقی کی بلند ترین سطح پر ہوتا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بھٹو کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنایا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی ترقی اور خوشحالی میسر آ سکے ۔