ریسکیو 1122کی نشتر ٹو میں موک ایکسر سائز، فائر فائٹنگ
آفیسرز ، اہلکاروں کی شرکت، بروقت ریسپانس، مریضوں کو ریسکیو کرنے کی مشق
ملتان ، سکندر آباد(کرائم رپورٹر، نامہ نگار)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے نشتر ٹو میں سیفٹی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بڑے حادثات کی صورت میں مؤثر کمانڈ، کنٹرول اور بروقت رسپانس کے نظام کو عملی طور پر جانچنا تھا۔موک ایکسرسائز ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال کی جانب سے ترتیب دیے گئے پلان کے مطابق منعقد کی گئی جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے مجموعی نگرانی کی۔مشق کے آغاز میں انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ (ICP) قائم کی گئی، جہاں سے تمام ریسکیو آپریشن کو مربوط انداز میں کنٹرول کیا گیا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کو مختلف مراحل پر بریفنگ دی گئی اور ریسکیو سٹاف و انسٹرکٹرز کا تعارف کروایا گیا۔عملی مشقوں میں بلے ٹیکنیک کے ذریعے ایک فرضی متاثرہ شخص کو بالائی منزل سے بحفاظت نیچے منتقل کیا گیا، جس کے بعد ریسکیو میڈیکل ٹیم نے فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مریض کو ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا۔فائر فائٹنگ کے حوالے سے ٹیموں نے بروقت رسپانس، آگ پر قابو پانے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی عملی مشق کا مظاہرہ کیا۔ہسپتال کے مختلف وارڈز سے فرضی متاثرہ مریضوں کو نکال کر ایویکویشن مکمل کی گئی۔
، جبکہ بڑے حادثے کی صورت میں ٹرائیج حکمت عملی کے تحت مریضوں کی حالت، سانسوں اور شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے درجہ بندی کی گئی اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر سٹریچرز اور ایمبولینسز کے ذریعے منتقل کیا گیا۔اس موک ایکسرسائز کے ذریعے یہ واضح کیا گیا کہ کسی بھی بڑے ایمرجنسی یا ڈیزاسٹر کی صورت میں انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ کے قیام، مؤثر کوآرڈینیشن، بروقت رسپانس اور منظم ٹرائیج سسٹم کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے ۔آخر میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ۔