نہم امتحانات شروع، طلبہ کو ہدایت نامہ جاری

نہم امتحانات شروع، طلبہ کو ہدایت نامہ جاری

رول نمبر سلپ پر کورس چیک کریں، موبائل فون لانا ممنوع قرار

ملتان (خصوصی رپورٹر)ترجمان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے مطابق سال 2026 کے نہم جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات کا آغاز 17 اپریل سے ہو چکا ہے ، جن میں روایتی گروپ کے ساتھ ٹیک گروپ کے امیدوار بھی شریک ہیں۔بورڈ انتظامیہ نے طلبہ، والدین اور اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ امیدوار رول نمبر سلپ حاصل کرنے کے بعد اس پر درج اپنے کورس کو احتیاط سے چیک کریں، خصوصاً اسامیات لازمی کے پرچے میں بیٹھنے والے طلبہ اس حوالے سے خصوصی توجہ دیں۔حکام کے مطابق اگر کسی امیدوار کو اپنے متعلقہ کورس کا پرچہ نہ ملے تو وہ فوری طور پر امتحانی سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کرے ، کیونکہ بروقت درستگی ممکن ہے ، بعد ازاں بورڈ اس کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ غیر متعلقہ کورس کا پرچہ حل کرنا ممنوع ہے اور ہر امیدوار کو صرف اس کے متعلقہ مضمون کا ہی پرچہ دیا جائے گا۔ امتحانی ہال میں موبائل فون، سمارٹ فون اور سمارٹ واچ لے جانا سختی سے منع ہے ۔تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی سنٹر پر کم از کم 30 منٹ پہلے پہنچیں۔ بورڈ کے مطابق کسی بھی غفلت کی صورت میں امیدوار کے ساتھ متعلقہ عملہ بھی جواب دہ ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں