مسلح افرادکا لڑکی پر تشدد،طلائی زیورات لوٹ کر فرار
سکندرآباد (نامہ نگار) سکندرآباد کے نواحی علاقے میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق موضع سکندرآباد کی رہائشی خاتون (ب) زوجہ محمد اسماعیل نے پولیس کو بتایا کہ ان کی 17 سالہ بیٹی گھر میں موجود تھی کہ اسی دوران ملزم دلاور ولد شوکت اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر گھر میں داخل ہو گیا۔ ملزمان نے لڑکی کو قابو کر لیا اور شور مچانے پر پستول کے بٹ مار کر اسے زخمی کر دیا، جس سے اس کے چہرے اور آنکھ پر چوٹیں آئیں۔مزاحمت کے دوران لڑکی کے کپڑے پھٹ گئے اور اسے گھسیٹا گیا جس سے وہ مزید زخمی ہو گئی۔ ملزمان اس کے کانوں سے آٹھ ماشہ وزنی سونے کے کانٹے اتار کر لے گئے ۔ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر اہل خانہ اور محلے دار موقع پر پہنچے تو ملزم اسلحہ لہراتے ہوئے دھمکیاں دیتے فرار ہو گئے ۔ تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔