امتحانی مراکز میں سہولیات کمی، کمشنر کانوٹس، ٹیمیں تشکیل

امتحانی مراکز میں سہولیات کمی، کمشنر کانوٹس، ٹیمیں تشکیل

پانی، پنکھے ، فرنیچر ، طلبہ کو سہولتیں یقینی بنائی جائیں ، خلاف ورزی پر کارروائی

ملتان (خصوصی رپورٹر)امتحانی سنٹرز پر بنیادی سہولیات کی کمی کی شکایات پر کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ شکایات کے بروقت ازالے اور امیدواروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔جاری احکامات کے مطابق تمام امتحانی سنٹرز کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ پیپر سے قبل پانی، پنکھوں، بلب، فرنیچر اور دیگر ضروری سہولیات کا مکمل جائزہ لے کر امیدواروں کیلئے پرسکون ماحول یقینی بنایا جائے ۔ امتحان سے قبل دعا کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔طلبہ کو ٹرانسپیرنٹ کلپ بورڈ، سکیل اور جیومیٹری باکس ساتھ لانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ریاضی کے پرچوں میں سادہ کیلکولیٹر استعمال کیا جا سکے گا۔ رول نمبر سلپ گم ہونے پر ڈاؤن لوڈ شدہ یا فوٹو کاپی قابل قبول ہوگی۔ خصوصی افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر کاتب ساتھ لانے کی اجازت ہوگی۔امتحانی مراکز پر ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ، تاہم طلبہ اپنی بوتل بھی لا سکیں گے ۔ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ امیدواروں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی مگر کسی طالب علم کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔حکام کے مطابق کسی رکاوٹ کی صورت میں ضائع شدہ وقت پورا کیا جائے گا اور سوالات کیلئے اضافی پانچ منٹ بھی دیئے جائیں گے ، جبکہ طبی ایمرجنسی میں فوری امداد فراہم کی جائے گی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں