کامرس کالجز کی مجوزہ بندش ، اساتذہ کا احتجاج تحریک کا اعلان

کامرس کالجز کی مجوزہ بندش ، اساتذہ کا احتجاج تحریک کا اعلان

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں 76 کامرس کالجز بند یا ری سٹرکچر کرنے کی مجوزہ پالیسی کے خلاف اساتذہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔۔۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن کی تیار کردہ سمری حتمی منظوری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے ۔ مجوزہ فیصلے کی خبر سامنے آتے ہی اساتذہ اور طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اساتذہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ہزاروں طلبہ کے مستقبل کو متاثر کرے گا اور کامرس ایجوکیشن کو نقصان پہنچائے گا۔اساتذہ تنظیموں نے الزام عائد کیا کہ حکومت تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار نجکاری کی طرف لے جا رہی ہے ،جسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ احتجاجی لائحہ عمل کے تحت پہلے مرحلے میں یومِ سیاہ منایا جائے گا، سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی اور پریس کلبز کے سامنے مظاہرے کئے جائیں گے ، جبکہ اگلے مرحلے میں کلاسز کا بائیکاٹ اور دھرنوں پر غور کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت 27 کالجز کو پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے حوالے کر کے کیمپس بنانے اور 25 کو نجی شعبے کے سپرد کرنے کی تجویز ہے ، جبکہ دیگر اداروں کے انضمام یا بندش پر غور جاری ہے ۔ اس پالیسی سے تقریباً 19 ہزار طلبہ متاثر ہوں گے جنہیں قریبی کالجز میں منتقل کرنے کی تجویز ہے ۔تعلیمی ماہرین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ اساتذہ و طلبہ کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں