وہاڑی میں واپڈا اہلکاروں کے خلاف شہریوں کا احتجاج

وہاڑی میں واپڈا اہلکاروں کے خلاف شہریوں کا احتجاج

مبینہ زیادتی اور رقم طلبی کے الزامات، شفاف انکوائری اور انصاف کا مطالبہ

وہاڑی (خبرنگار) واپڈا ملازمین کی مبینہ ہٹ دھرمی اور مبینہ زیادتی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ متاثرین نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر شفاف انکوائری اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چک 232 ای بی کے رہائشی محمد اجمل ولد مہنگے خان کی قیادت میں محمد خلیل، محمد توفیق، محمد سلیمان، راؤ محمد اقبال، محمد وسیم، محمد اشرف، عبدالغفار، محمد اقبال، عبد المنان، محمد کلیم، ماسٹر شرافت، محمد افضل، محمد عامر اقبال، محمد اسلم اور خوشی محمد سمیت دیگر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ واپڈا کے بعض اہلکاروں نے اختیارات کا مبینہ طور پر ناجائز استعمال کیا ہے ۔متاثرین کے مطابق عبد الرحمان، الیاس عرف ببلی بھٹی (مبینہ ٹاؤٹ) اور احمد (میٹر ریڈر) نے مبینہ طور پر میٹر میں تاریں لگا کر بے ضابطگی ظاہر کی اور بعد ازاں شہریوں سے مبینہ طور پر رقم کا مطالبہ کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے 90 ہزار روپے مانگے گئے جبکہ بعد میں 60 ہزار روپے میں معاملہ طے کرنے کی مبینہ پیشکش بھی کی گئی۔شہریوں کے مطابق میٹر انسپکٹرراشد جان نے موقع کا دورہ کیا جبکہ واپڈا ملازمین سہیل اور وسیم نے بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ معاملے میں شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔متاثرین نے بتایا کہ 26 مارچ کو میٹر ریڈنگ کی گئی جبکہ 30 مارچ کو بغیر کسی واضح نوٹس کے میٹر اتار لیا گیا جس پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔احتجاج کرنے والے شہریوں نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں