ہائی کورٹ کا محکمہ انہارکے ملازم کی تنخواہ فوری ادا کرنے کا حکم
ملتان (کورٹ رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس عاصم حفیظ نے محکمہ انہار مظفرگڑھ کے ملازم حماد اللہ ندیم بٹ کو تنخواہیں ادا نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل ثمینہ محمود رانا کو طلب کر لیا اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
پٹیشنر کے وکیل راؤ محمد اقبال نے عدالت کو بتایا کہ عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مظفرگڑھ اور محکمہ انہار حکام پٹیشنر کی تنخواہیں ادا نہیں کر رہے ، جس کے باعث توہین عدالت کی درخواست دائر کرنا پڑی۔ہائیکورٹ نے معاملہ پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ متعلقہ افسروں سے فوری رابطہ کرکے پٹیشنر کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔