مظفرگڑھ انتظامیہ کا ماڈل بازار اور مویشی منڈی کا دورہ
اے ڈی سی آر نے صفائی، نرخناموں اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کی جائیں:عوید ارشاد بھٹی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظفرگڑھ عوید ارشاد بھٹی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ کے ہمراہ ماڈل بازار اور بہاری کالونی گراؤنڈ میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ماڈل بازار میں صفائی ستھرائی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی، نرخناموں کی آویزاں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ مویشی منڈی میں صفائی، پارکنگ، پینے کے صاف پانی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخناموں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ بیوپاریوں اور شہریوں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت عوام کو ریلیف اور معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایات پر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے مختلف سٹالز کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔