جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کیلئے خواتین ناظمات کا تقرر
حافظ نعیم الرحمٰن نے نومبر 2026ء تا اکتوبر 2028ء کے سیشن کیلئے تقرریاں کیں
ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے جنوبی پنجاب کی خواتین ارکانِ جماعت سے استصوابِ رائے اور امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر سے مشاورت کے بعد نومبر 2026ء سے اکتوبر 2028ء تک کے سیشن کے لئے جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع میں خواتین ناظمات مقرر کر دی ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان سٹی سے رضیہ عابد، ملتان صدر سے لبنیٰ کاشف، خانیوال سے لبنیٰ اشرف، وہاڑی سے شاہینہ قمر، بہاولپور سٹی سے طاہرہ یونس، لودھراں سے فوزیہ عدنان، بہاولپور صدر سے زہرہ جبیں، بہاولنگر سے منزہ خاور، ڈیرہ غازی خان سے ماریہ فاطمہ، رحیم یار خان سے تسنیم سرور، مظفرگڑھ سے صغریٰ حاکم، راجن پور سے اقصیٰ فیصل، لیہ سے ارم حنا اور کوٹ ادو سے زویا سجاد کو ناظمات اضلاع مقرر کیا گیا ہے ۔خواتین ارکانِ جماعت سے استصوابِ رائے اور مشاورت کے اس عمل کو جماعت اسلامی کی جمہوری و تنظیمی روایات کے تسلسل اور خواتین کی قیادت کو مزید مؤثر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ نومنتخب ناظمات اپنے اپنے اضلاع میں دعوتِ دین، تربیت، تنظیم، اصلاحِ معاشرہ اور فلاحِ عامہ کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے میں کردار ادا کریں گی۔امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے نومنتخب ناظمات کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اخلاص، استقامت، احساسِ ذمہ داری اور بہترین تنظیمی صلاحیتوں کے ساتھ ادا کریں گی اور جماعت کی دعوت و پیغام کو خواتین سمیت معاشرے کے وسیع تر طبقات تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments