پاکستان آرمی نے 27ویں نیشنل بیس بال چیمپئن شپ جیت لی
ایچ ای سی رنر اپ،فائنل میں آرمی نے ایچ ای سی کو 16-1 سے شکست دی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان آرمی نے 27ویں سید خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ جیت لی۔ قلعہ قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان آرمی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ایچ ای سی کو 16-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، جبکہ جی ایف ڈیسکو نے پنجاب کو 13-0 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔چیمپئن شپ کے آخری روز تیسری پوزیشن کے لئے جی ایف ڈیسکو اور پنجاب کے درمیان مقابلہ ہوا۔ جی ایف ڈیسکو نے عمران ناظم، نعمان اور احتشام کے دو، دو جبکہ وسیم خان کے دو رنز اور عابد فضل، وسیم، جنید اور مکرم کے ایک، ایک رن کی بدولت مجموعی طور پر 13 رنز بنائے ۔ جواب میں پنجاب کی ٹیم کوئی رن نہ بنا سکی۔ اس طرح جی ایف ڈیسکو نے تیسری جبکہ پنجاب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔فائنل میں پاکستان آرمی نے 16 رنز بنائے ، جس کے جواب میں ایچ ای سی کی ٹیم صرف ایک رن بنا سکی، جو صابر نے سکور کیا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے حسین اور علی ریاض نے تین، تین جبکہ وسیم اکرم اور یونس نے دو، دو رنز بنائے ۔ اسد علی، شہزاد، محمد وسیم، نذیر، چنگیز اور عمر ریاض نے ایک، ایک رن اسکور کیا۔تقسیمِ انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال ڈاکٹر حمود لکھوی تھے ، جبکہ ڈی ایس او ملتان عدنان نعیم اور غلام مرتضیٰ ملک مہمانانِ اعزاز تھے ۔ اس موقع پر مہمانانِ گرامی نے پاکستان آرمی کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ایچ ای سی کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments