نابینا افراد کا 10 نومبر کو لاہور میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان

نابینا افراد کا 10 نومبر کو لاہور میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان

664 برطرف نابینا ملازمین کو بحال کیا جائے ، بلائنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن

ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب بھر کے نابینا افراد نے اپنے روزگار اور بنیادی حقوق کے حصول کے لئے 10 نومبر کو لاہور میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرنے کی تیاری کر لی ہے ۔ بلائنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن مظفرگڑھ و ملتان کے عہدیداروں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں اور برطرف نابینا ملازمین کو فوری طور پر ملازمتوں پر بحال کیا جائے ۔موصولہ تفصیلات کے مطابق نابینا افراد گزشتہ سال 10 نومبر 2025ء کو بھی اپنے حقوق کے لئے احتجاج کر چکے ہیں۔ اس موقع پر حکومتی احکامات کے تحت پولیس کارروائی کے نتیجے میں احتجاج ختم کروا دیا گیا تھا جبکہ متعدد نابینا افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 664 نابینا ملازمین کو ڈیلی ویجز ملازمتوں سے اچانک فارغ کر دیا گیا تھا، جس کے باعث یہ افراد شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ بلائنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن مظفرگڑھ و ملتان کے صدر محمد ابوبکر چشتی اور دیگر عہدیداروں نے وزیراعلیٰ سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ نابینا افراد کے ساتھ انسانی ہمدردی اور رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔نابینا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں برطرف ملازمین اور ان کے خاندان شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے ۔ حکومت پنجاب تمام برطرف نابینا ملازمین کو فوری طور پر ملازمتوں پر بحال کرے تاکہ احتجاج کی نوبت نہ آئے اور خصوصی افراد کو مزید ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...